حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جھنگ کے نواحی علاقے چک نمبر 481 بوٹے والی میں منعقدہ 12 روزہ اسلامی شارٹ کورس کی اختتامی تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی۔ جس میں شیعہ علماء کونسل ضلع جھنگ کے ضلعی صدر مولانا لیاقت علی سیال قمی اور ضلعی جنرل سیکرٹری رانا شہزاد حسین نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
تقریب میں علماء کرام، معززینِ علاقہ، مومنین کرام اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں دینی تعلیم، اخلاقی تربیت اور نوجوان نسل کو قرآن مجید اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا: موجودہ دور میں نئی نسل کی فکری اور اخلاقی رہنمائی کے لیے ایسے تربیتی اور تعلیمی پروگرام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

مقررین نے اسلامی شارٹ کورس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے بالخصوص تحصیل صدر شورکوٹ مولانا کلیم عباس جعفری کی مخلصانہ کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا: دینی شعور کی بیداری اور نوجوانوں کی صحیح تربیت کے لیے علماء اور سماجی شخصیات کا کردار نہایت اہم ہے۔
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے وفد نے علماء کرام، معززینِ علاقہ اور مومنین سے ملاقاتیں بھی کیں اور مختلف دینی و سماجی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
تقریب کے اختتام پر شارٹ کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ مقررین نے کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں دینی شعور کو فروغ دینے، نسلِ نو کی فکری و اخلاقی تربیت کرنے اور تعلیماتِ اہل بیت علیہم السلام کو عام کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔










آپ کا تبصرہ